اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی گزشتہ 35 سالوں کے دوران باریاں لے کر ملک کو لوٹتی رہیں، تحریک انصاف حکومت کیلئے ملک سب سے پہلے ہے، جس جس نے بھی ملک کو لوٹا ہے اسے حساب دینا ہو گا، وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں احتساب پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ پارلیمنٹ میں آ کر ملک اور عوام کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔
منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بری طرح قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہے، عوام جان گئے ہیں کہ ان لوگوں کی مفادات کی سیاست اور جنگ ہے، یہ ایک دوسرے پر فوقیت لینے کیلئے رسہ کشی کر رہے ہیں، ہم شروع سے کہہ رہے تھے کہ اپوزیشن کا اتحاد دیرپا نہیں اور جلد ہی ان کی حقیقت کھل کر سامنے آ جائے گی اور وہی ہوا، اپوزیشن کے حکومت گرانے کے بلند و بالا دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔
شہریار خان آفریدی نے کہا کہ عوام کو وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد ہے اور اسی لئے انہوں نے تحریک انصاف حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے، اپوزیشن جماعتیں جو کریں ہمارے پاس ان کے خلاف باتیں کرنے کیلئے وقت نہیں ہے، اس وقت ہماری تمام تر توجہ گڈگورننس، عوام کو سروس ڈلیوری بہتر بنانا اور قومی اداروں کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے اور اس مقصد کیلئے ہم سب دن رات محنت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے تمام مسائل کا حل پارلیمان میں ہے، اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ میں آئیں قومی سلامتی کے معاملات کے علاوہ ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے مناسب تجاویز دیں اور بحث کریں۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ اپوزیشن نے ہمیشہ ملکی مفاد کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی، فیٹیف قانون سازی کے دوران بھی انہوں نے حکومت کو بلیک میلنگ کرنے کی کوشش کی، اگر پاکستان بلیک لسٹ میں چلا جاتا تو ملک میں مہنگائی کا طوفان آ جاتا۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے غریب عوام کیلئے کبھی نہیں سوچا، یہ لوگ ہمیشہ اپنے اثاثے اور جائیدادیں بڑھانے میں مصروف رہے تاہم وزیراعظم عمران خان ہمیشہ غریبوں کے بارے سوچتے ہیں، موجودہ حکومت نے کامیاب جوان پروگرام، ہیلتھ کوریج اور احساس پروگرام سمیت متعدد فلاحی پروگرام شروع کئے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔
ایک سوال کے جواب میں شہریار خان آفریدی نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کا مسئلہ کشمیر پر دوٹوک اور واضح موقف ہے، وزیراعظم عمران خان نے موثرانداز سے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جس کی وجہ سے کئی دہائیوں بعد اقوام متحدہ قومی سلامتی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہوئی، اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کے حصول کیلئے منفی سیاست کرنے سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلامو فوبیا اور ناموس رسالت کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کی اور مسلم امہ میں انہیں پذیرائی ملی، حکومت تحریک لبیک پاکستان کے جائز مطالبات پورے کرے گی۔