لاہور۔13فروری (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر میں گردوں اور جگر کے امراض کے بہترین ماہرین خدمات انجام دے رہے ہیں اور یہ ادارہ ملک میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ سپیکر نے اپنے ذاتی تجربے کی روشنی میں کہا کہ پی کے ایل آئی کی ٹیم …
پی کے ایل آئی جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،سپیکر پنجاب اسمبلی

مزید خبریں
لاہور۔13فروری (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر میں گردوں اور جگر کے امراض کے بہترین ماہرین خدمات انجام دے رہے ہیں اور یہ ادارہ ملک میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ سپیکر نے اپنے ذاتی تجربے کی روشنی میں کہا کہ پی کے ایل آئی کی ٹیم اعلی پیشہ ورانہ مہارت کی حامل ہے اور عوام کی خدمت کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹرز اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قوم کی خدمت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں پی کے ایل آئی کے زیر اہتمام منعقدہ انٹرنیشنل سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سمپوزیم میں ادارے کے سربراہ پروفیسر سعید اختر سمیت قومی و بین الاقوامی طبی ماہرین نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران جگر اور گردوں کی بیماریوں، ٹرانسپلانٹیشن، جدید طبی تحقیق اور علاج کے نئے طریقہ کار سے متعلق اہم سائنسی سیشنز اور خصوصی پینل مباحثے منعقد ہوئے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وہ پی کے ایل آئی کے قیام کے عینی شاہد ہیں اور پروفیسر سعید اختر نے مسلسل محنت اور عزم کے ذریعے اسے ایک سینٹر آف ایکسی لینس کی شکل دی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے دوران متعدد انتظامی اور بیوروکریٹک رکاوٹیں سامنے آئیں تاہم قیادت کے پختہ عزم کے باعث یہ خواب حقیقت میں بدلا۔ سپیکر نے مزید کہا کہ پی کے ایل آئی ایک مثالی طبی ادارہ ہے جہاں میرٹ کو اولین ترجیح دی جاتی ہے اور یہ ادارہ عوام کے لیے امید کی کرن بن چکا ہے۔








