ملتان ۔ 01 نومبر (اے پی پی):چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے خصوصی انسدادِ گداگری مہم اور ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔ اکتوبر کے مہینے میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی جانب سے 40 بچوں کو حفاظتی تحویل میں لیا گیا جبکہ 42 بچوں کو لواحقین کی تلاش کے بعد ان کے حوالے کیا گیا ۔
حفاظتی تحویل میں لئے گئے بچوں میں بھکاری، گھر سے بھاگے ،گمشدہ، لاوارث نومولود، بے آسرا اور دیگر بچے شامل تھے ۔ بیورو ترجمان کے مطابق بچوں کو دوران ریسکیو آپریشن شہر کے مختلف مقامات اور بذریعہ چائلڈ ہیلپ لائن کال 1121 بھی حفاظتی تحویل میں لیا گیا ۔ شعبہ عوامی آگاہی و میڈیا سیل چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے انسدادِ گداگری مہم بچوں کے تحفظ اور چائلڈ ٹریفکنگ کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔