چائے کی درآمد میں 8 ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر6.54فیصد کمی ہوئی،ادارہ شماریات

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):چائے کی درآمد میں جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر6.54فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادو شمار کے مطابق جار ی مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں چائے کی درآمد کا حجم 396.44ملین ڈالر ریکارڈ کی گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 423.85ملین ڈالر تھا۔

جولائی سے فروری تک کی مدت میں 159552میٹرک ٹن چائے درآمد کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 177613میٹرک ٹن تھی۔اس مدت میں مصالحہ جات کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر34.31فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ جولائی سے فروری تک مصالحہ جات کی درآمد پر104.15 ملین ڈالر زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 158.56ملین ڈالرتھا۔مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں 102898میٹرک ٹن مصالحہ جات کی درآمد ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 102869میٹرک ٹن تھی۔