چارسدہ کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، متعدد ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

چارسدہ پولیس نے جمعرات کو تھانہ مندنی کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کرتے ہوئے متعدد ملزمان گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ۔

پشاور۔ 21 مئی (اے پی پی):چارسدہ پولیس نے جمعرات کو تھانہ مندنی کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کرتے ہوئے متعدد ملزمان گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ۔تر جمان چارسدہ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی تنگی گلشید خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ مندنی بسم اللہ جان نے پولیس نفری کے ہمراہ تھانہ مندنی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کا انعقاد کیا۔سرچ آپریشن میں سرکل کے ایس ایچ اوز، کیو آر ایف، آر آر ایف، لیڈی پولیس اور دیگر بھاری نفری نے حصہ لیا۔ دورانِ سرچ آپریشن قتل کے مقدمہ میں مطلوب ایک مجرم اشتہاری، تین سہولت کار اور مختلف جرائم میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 3 پستول، 4 بندوقیں اور متعدد کارتوس بھی برآمد کیے گئے۔مزید برآں وی وی ایس اور سی آر وی ایس سسٹم کے تحت 15 گاڑیوں اور 25 افراد کی ویریفکیشن بھی عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان نے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام، جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سرچ آپریشنز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔