چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 244 نئے کیسز،6 اموات رپورٹ ، نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر

56

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث کے خیبرپختونخوا کے بعد سندھ میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 6 اموات ہوئیں جن میں سے 3 مریضوں کی اموات وینٹیلیٹرز پر ہوئیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر این سی او سی کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 244 افراد کے کووڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے پشاور میں 16 فیصد،اسلام آباد میں 14 فیصد،سرگودھا میں 13 فیصد اور ملتان میں 10 فیصد مریض ہیں۔

اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 15 فیصد،اسلام آباد میں 14 فیصد،سرگودہا میں 16 فیصد اور بنوں میں 13 فیصد مریض ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 39 ہزار 387 ٹیسٹس کیے گئے جن میں سے سندھ میں 10 ہزار 228، پنجاب میں 15 ہزار 648، خیبرپختونخوا میں 8 ہزار 172،اسلام آباد میں 4 ہزار 246، بلوچستان میں 551،گلگت بلتستان میں 192 ٹیسٹس، آزاد کشمیر میں 350 ٹیسٹ شامل ہیں۔ اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ 51 ہزار 409 ہو چکی ہے۔

بلوچستان،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 89 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 9 ہزار 48 ہے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 89 ہزار 293 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 34 ہزار 608، بلوچستان میں 33 ہزار 532، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 426، اسلام آباد میں 1 لاکھ 8 ہزار 128، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 8 ہزار 696،پنجاب میں 4 لاکھ 43 ہزار 886 اور سندھ میں 4 لاکھ 78 ہزار 17 مریض ہیں۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 28 ہزار 836 ہو چکی ہے۔

جن میں سے سندھ میں 7 ہزار 638 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، پنجاب میں 13 ہزار 52 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1 مریض ہسپتال میں اس وائرس سے جاں بحق ہوا،خیبر پختونخوا میں 5 ہزار 892 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،اسلام آباد میں کل 962 اموات،بلوچستان میں کل 363 اموات، گلگت بلتستان میں 186 اموات، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 743 اموات ہو چکی ہیں۔اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 کے 2 کروڑ 25 لاکھ 64 ہزار 577 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ملک بھر میں کووڈ۔19 کے علاج کیلئے مختص 640 ہسپتالوں میں 766 مریض زیر علاج ہیں۔