چوروں نے منڈی مویشیاں لگا رکھی ہے، خیبرپختونخوا کے عوام نے بلدیاتی الیکشن میں چوروں کو مستردکردیا ،وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

83

اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ چوروں نے منڈی مویشیاں لگا رکھی ہے، خیبرپختونخوا کے عوام نے بلدیاتی الیکشن میں چوروں کو مستردکردیا ہے، کرپٹ ٹولہ بیرونی سازش میں مہرے کے طور پر استعمال ہورہا ہے، نواز شریف مودی جیسے لوگوں کو شادیوں پر بلاتا تھا- وزیرمملکت اطلاعات و نشریات نے جمعہ کو اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد خارجہ پالیسی اختیار کی، پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے-

فرخ حبیب نے کہا کہ عوام نے کرپٹ ٹولے اور چوروں کے چہرے پہچان لئے ہیں، عدم اعتماد کی تحریک بیرونی طاقتوں کے اشارے پرلائی گئی ہے ، بیرونی طاقت نے عمران خان کو دھمکی آمیز پیغام بھیجا جس پر دفترخارجہ نے متعلقہ ملک کے سفارتکار کو بلا کر احتجاج ریکارڈ کرایا ہے- انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ملکی خودمختاری اور قومی غیرت پر ہر قسم کے سمجھوتے کیلئے تیار ہے، عمران خان نے مسلح افواج کو بھارت کا منہ توڑ جواب دینے کا کہا تھا-

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام بنائیں گے، بیرونی سازش کا حصہ بننے والوں سے عوام سوال پوچھیں گے- انہوں نے کہا کہ بیرونی سازش کے مہروں کو قوم کو جواب دینا پڑے گا، عوام اتحادی جماعتوں سے بھی سوالات کر رہے ہیں،ہمارے پاس بہت سارے آپشنز موجود ہیں-

وزیرمملکت فرخ حبیب نے کہا کہ سازش ناکام ہونے پر اپوزیشن پریشان ہے،عمران خان قومی غیرت اور ملکی خودمختاری کے لئے ڈٹ کر کھڑے ہیں، ہم نے دھمکی آمیز پیغام کا معاملہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھی اٹھایا ، کرپٹ سیاسی بونے موجودہ دور کے میرجعفر اور میرصادق ہیں۔