چوہدری سالک حسین کی آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات، لیبر اصلاحات اور روزگار کے مواقع پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر برائےسمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل ترقی چوہدری سالک حسین نے جنیوا میں 114ویں انٹرنیشنل لیبر کانفرنس (آئی ایل سی) کے موقع پر آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو سے ملاقات کی

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائےسمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل ترقی چوہدری سالک حسین نے جنیوا میں 114ویں انٹرنیشنل لیبر کانفرنس (آئی ایل سی) کے موقع پر آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر کے ہمراہ پاکستانی آجرین اور محنت کشوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ملاقات میں پاکستان اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے درمیان روزگار، سماجی انصاف، مہارتوں کی ترقی اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چوہدری سالک حسین نے مزدوروں کے حقوق کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک نے حال ہی میں منظور شدہ پروٹوکول 2014 برائے جبری مشقت کنونشن، میری ٹائم لیبر کنونشن 2006 اور لیبر اسٹیٹسٹکس کنونشن 1985 پر عملدرآمد کے حوالے سے پیش رفت کی ہے۔انہوں نے روزگار کے مواقع بڑھانے اور کارکنوں کے تحفظ کو مزید بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔دونوں فریقوں نے محنت اور روزگار سے متعلق اہم چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا اور افرادی قوت کی ترقی، سماجی تحفظ، پیشہ ورانہ تحفظ و صحت اور لیبر مارکیٹ گورننس کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا۔گلبرٹ ایف ہونگبو نے آئی ایل او کے ساتھ پاکستان کے تعمیری تعاون کو سراہتے ہوئے باوقار روزگار اور سماجی ترقی کے فروغ کے لیے ملک کے مسلسل عزم کا خیرمقدم کیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے جامع اقتصادی ترقی، پیداوار روزگار اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے پاکستان اور آئی ایل او کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔