لاہور۔1فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی گجرات کا وڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں ضلع گجرات میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ ضلع گجرات میں 42 ارب روپے کی لاگت سے 245سکیموں پر کام جاری ہے۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پنجاب بھر میں ترقیاتی سکیموں کا جال بچھا دیا ہے اور حکومت کے فلاحی پروگراموں سے لوگ بڑی تعداد میں مستفید ہورہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت گجرات میں 71 سکیموں پر کام جاری ہے اور ان سکیموں میں میں روڈ انفراسٹرکچر،تعلیم،صحت،کھیل اور دیگر سیکٹر کے منصوبے شامل ہیں۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں کی شفاف،معیاری اور بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے، عوام کے فلاحی منصوبوں میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی اور فنڈز کی کمی کو کسی بھی عوامی منصوبے کی تکمیل میں حائل نہیں ہونے دیا جائے گا اگر کسی منصوبہ میں مزید فنڈز درکار ہوں تو متعلقہ محکمے فوری اقدامات کریں۔مختلف محکموں کے افسران نے صوبائی وزیر کی تمام ہدایات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔
ڈی سی آفس گجرات میں اراکین صوبائی اسمبلی خالد اصغر گھرال،راجہ محمد اسلم،عبداللہ یوسف وڑائچ،سید مدد علی شاہ اعجاز احمد رنیاں،چوہدری محمد الیاس اور متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔