لاہور۔15مارچ (اے پی پی):سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد کی قیادت میں علما ومشائخ کے 20 رکنی وفد نے اتوار کے روز یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین اور پاکستان مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری طارق حسن بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران فتنہ الخوارج …
چوہدری شجاعت حسین سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کی قیادت میں علماء ومشائخ وفد کی ملاقات،فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کیخلاف کامیاب آپریشن پرافواج پاکستان کو خراج تحسین

مزید خبریں
لاہور۔15مارچ (اے پی پی):سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد کی قیادت میں علما ومشائخ کے 20 رکنی وفد نے اتوار کے روز یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین اور پاکستان مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری طارق حسن بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ چوہدری شجاعت حسین نے علما سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پر امن معاشرے کے قیام اور قومی یکجہتی کے فروغ میں علما ومشائخ کا کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام امن،محبت،اخوت،رواداری اور خدمت انسانیت کا درس دیتا ہے ،علما و مشائخ اپنی آواز کے ذریعے اتحاد ،مذہبی ہم آہنگی ،یگانگت اور اخوت کے جذبات کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں امن کے دشمنوں کے خلاف برسر پیکار اورپوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکر ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرکے امن کا گہوارہ بنانا ہے ۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امورو صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے علماء کومحکمہ اوقاف اور انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ میں کی گئی اصلاحات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے امور میں شفافیت کیلئے اس کی ڈیجیٹائز یشن کی جارہی ہے ۔اسی طرح اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کیلئے بھرپور مہم جاری اور محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مساجد و مزارات کی تزئین و آرائش کا پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جس میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ،ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے اور اسے امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ ملاقات میں رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پیغام پاکستان ،پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ ہے جس پر 18ہزار علماء کرام کے دستخط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان میں فرقہ واریت، دہشت گردی ،انتہا پسندی اور خود کش حملوں کو حرام قرار دیا گیا ہے ،مولانا عبد الخبیر آزاد نے پیغام پاکستان کی کاپی بھی چوہدری شجاعت حسین کو پیش کی۔اس موقع پر علما ومشائخ نے اس بات کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ وہ دشمن کے کسی ایجنڈے اور سازش کو پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اوراس وقت عالم اسلام کو درپیش چیلنجز و مسائل کا حل وحدت اور اتحاد میں ہے ۔علماء کرام نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین پاکستان کا اثاثہ ہیں ،ان سے ملکر بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری ظہور الہی شہید اور چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ شرافت ،رواداری و عوامی خدمت کی سیاست کی ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان کیلئے بھی چوہدری شجاعت حسین کی لازوال خدمات ہیں ،پاکستان کاہر طبقہ چوہدری شجاعت حسین سے دلی لگائو رکھتا اور ان کی صحت کیلئے دعا گو ہے ۔اس موقع پر پاکستان کی ترقی ،خوشحالی،سالمیت اور چوہدری شجاعت حسین کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی جبکہ علماء ومشائخ نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ علماء ومشائخ وفد میں مولانا حافظ اسد عبید ،علامہ قاضی عبد الغفار قادری ،سیدعاشق حسین شاہ ،علامہ زبیر احمد ظہیر ،علامہ محمد رشید ترابی ،حافظ کاظم رضا نقوی و دیگر شامل تھے ۔








