لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے چکوال میں سی سی ڈی کی فائرنگ سے 9 سالہ ہانیہ احمد کے قتل کے خلاف دائر درخواست ایف آئی اے کو بھجواتے ہوئے نمٹا دی
چکوال میں 9 سالہ ہانیہ قتل کیس، لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے درخواست ایف آئی اے کو بھجوا کر نمٹا دی

مزید خبریں
راولپنڈی۔19جون (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے چکوال میں سی سی ڈی کی فائرنگ سے 9 سالہ ہانیہ احمد کے قتل کے خلاف دائر درخواست ایف آئی اے کو بھجواتے ہوئے نمٹا دی اور ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ وہ درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے نزاکت حسین عباسی ایڈووکیٹ اور میاں آصف محمود ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سی سی ڈی کے ڈی ایس پی انویسٹی گیشن اور دیگر پولیس افسران بھی عدالت میں موجود تھے۔سماعت کے آغاز پر عدالت نے استفسار کیا کہ آیا واقعے کا مقدمہ درج ہو چکا ہے جس پر پولیس حکام نے بتایا کہ چکوال میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے اور ملزم بھی گرفتار ہے۔ اس پر عدالت نے درخواست گزار کے وکلا سے پوچھا کہ اب وہ عدالت سے کیا ریلیف چاہتے ہیں۔وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے، واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ایک آزاد عدالتی کمیشن قائم کیا جائے۔ عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے معاملہ ایف آئی اے کو بھجوا دیا اور ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔








