چھت سے گرنے والی میانوالی کی حلیمہ بی بی کی ائیر ایمبولینس کے ذریعے جان بچا لی گئی

235

لاہور۔21جولائی (اے پی پی):”بچائیں ہر شہری کی جان”، چھت سے گرنے والی میانوالی کی حلیمہ بی بی کی ائیر ایمبولینس کے ذریعے جان بچا لی گئی ،

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خواب سچ کر دکھایا ،پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جان بچانے کا ”گولڈن آور” شروع ہوگیا۔ عام شہریوں کو بھی ائیر ایمبولینس کی سہولت مل گئی ،چھت سے گرنے والی میانوالی کی حلیمہ بی بی کی ائیر ایمبولینس کے ذریعے بروقت راولپنڈی منتقلی سے جان بچا لی گئی۔

ترجمان کے مطابق چالیس سالہ حلیمہ بی بی چھت سے گرنے کے باعث تشویشناک حالت میں تھی کہ مریضہ کی جان بچانے کیلئے فوری طور پر بڑے ہسپتال منتقلی ضروری تھی ،ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی کے سرجن نے حلیمہ بی بی کو فوری علاج کیلئے راولپنڈی منتقل کرنے کا کہا تھا ۔ اطلاع ملتے ہی وزیر اعلی مریم نواز نے ائیر ایمبولینس گولڈن آور کے ذریعے حلیمہ بی بی کو راولپنڈی منتقل کرایا ،ڈاکٹر رضوان نصیر کی نگرانی میں ڈاکٹرز نے حلیمہ بی بی کا آپریشن کیا ،ریسکیو ایئر ایمبولینس کی آزمائشی سروس کے ذریعے حلیمہ بی بی کو فوری طور پر میانوالی سے راولپنڈی منتقل کیا گیا ۔

حلیمہ بی بی کے اہل خانہ نے وزیر اعلی پنجاب کیلئے دعا کی کہ مریم نواز رحمت کا فرشتہ ثابت ہوئیں، اللہ تعالی انہیں زندگی اور کامیابی دے۔ وزیر اعلی نے حلیمہ بی بی کے اہل خانہ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جس نے ایک جان بچائی، اس نے پوری انسانیت کو بچایا، ہم نے اللہ تعالی کے حکم پر عمل کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے حلیمہ بی بی کی صحت یابی کیلئے پوری قوم سے دعا کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میری دعا اور دلی آرزو ہے کہ ہر شہری کی زندگی سے تمام دکھ مٹادوں۔