"انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے کہا ہے کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لیے پنجاب پولیس نے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔”
چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی ہائی الرٹ

مزید خبریں
لاہور۔4اگست (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے کہا ہے کہ چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لیے پنجاب پولیس کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں ۔
آئی جی پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر 730 مجالس منعقد ہو رہی ہیں جبکہ 420 عزاداری جلوس برآمد ہو رہے ہیں۔ ان کی سکیورٹی کے لیے لاہور سمیت پنجاب بھر میں 42 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ لاہور میں 44 مجالس اور 17 جلوسوں کی سکیورٹی پر 10 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہیں جبکہ چیکنگ کے لیے 390 واک تھرو گیٹس اور 6,427 میٹل ڈیٹیکٹرز استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس اور رضاکار بھی سکیورٹی انتظامات میں معاونت کر رہے ہیں۔عبدالکریم نے ہدایت کی کہ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت داتا علی ہجویری کے سالانہ عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنے والے زائرین کی سکیورٹی کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ سپیشل کنٹرول رومز سے چہلم کے جلوسوں، مجالس اور عرس کی تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔








