چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کوورلڈ ایکسیلنس ایوارڈ ان ہائر ایجوکیشن سے نواز دیا گیا

94
HEC
HEC

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد کو ورلڈ بزنس اینجلس فورم کی جانب سے ڈربن انٹرنیشنل کنونشن سینٹر، جنوبی افریقہ میں منعقد ہونے والی ورلڈ کانگریس آف اینجل انویسٹرز کے موقع پر "ورلڈ ایکسیلنس ایوارڈ ان ہائر ایجوکیشن” سے نوازا گیا۔ ایچ ای سی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جنوبی افریقہ میں پاکستان کے سفیر آفتاب حسن خان نے چیئرمین ایچ ای سی کی جانب سے ایوارڈ وصول کیا۔ہائر ایجوکیشن میں ورلڈ ایکسیلنس ایوارڈ عالمی سطح پر اعلیٰ تعلیم میں عالمی رہنماؤں کو ان کی شاندار کامیابیوں پر دیا جاتا ہے۔

یہ ایوارڈ اعلی تعلیم میں مستقبل کی تشکیل میں قیادت کے قابل ستائش کام کا اعتراف ہے۔ ورلڈ ایکسیلنس ایوارڈز سٹارٹ اپس بنانے والوں اینجل انویسٹرز، کراؤڈ فنڈرز، این جی او کے رہنماؤں اور دنیا بھر کے پالیسی سازوں کو بھی ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کانگریس آف دی ورلڈ بزنس اینجلس انویسٹمنٹ فورم ایک تقریب ہے جو ہر سال ایکویٹی اور کیپٹل مارکیٹس کے لئے منعقد کی جاتی ہے تاکہ نئے روابط قائم کرنے اور کاروباری مواقع کو آگے بڑھانے کے لئے بہترین طریقوں اور تعاون کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کیا جا سکے۔

رواں سال تقریب میں سرمایہ کاروں، وینچر کیپیٹلسٹس اور پالیسی سازوں سمیت عالمی رہنماؤں نے شرکت کی تاکہ سال کے موضوع یعنی "مالی شمولیت کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی پارکس کو متحرک کرنا” پر غور کیا جا سکے۔