اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):سپارکو کے چیئرمین محمد یوسف خان نے حکومت کی مضبوط معاونت پر شکریہ ادا کیا اور HS-1 سیٹلائٹ پر کام کرنے والی پاکستان اور چین کی سائنسی و تکنیکی ٹیموں کی مہارت اور عزم کو سراہا جسے دونوں ممالک کے مضبوط باہمی تعاون کی علامت قرار دیا۔اتوار کومیڈیا سے خصوصی گفتگو میں چیئرمین نے HS-1 سیٹلائٹ کی لانچ کو پاک چین خلائی شراکت داری میں ایک …
چیئرمین سپارکو کاحکومت سے اظہارِ تشکر، پاک چین ماہرین کی HS-1 سیٹلائٹ کی کامیابی پر تعریف

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):سپارکو کے چیئرمین محمد یوسف خان نے حکومت کی مضبوط معاونت پر شکریہ ادا کیا اور HS-1 سیٹلائٹ پر کام کرنے والی پاکستان اور چین کی سائنسی و تکنیکی ٹیموں کی مہارت اور عزم کو سراہا جسے دونوں ممالک کے مضبوط باہمی تعاون کی علامت قرار دیا۔اتوار کومیڈیا سے خصوصی گفتگو میں چیئرمین نے HS-1 سیٹلائٹ کی لانچ کو پاک چین خلائی شراکت داری میں ایک تاریخی پیشرفت قرار دیااور اس کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا اور اس کامیابی پر پاکستانی اور چینی قوموں کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے پاکستان کی بڑھتی ہوئی تکنیکی صلاحیتوں اور اس اہم کامیابی میں سپارکو کے مرکزی کردار کو تسلیم کیا۔ان کا کہنا تھا کہ HS-1 سیٹلائٹ پاکستان کی صلاحیتوں خاص طور پر جدید زرعی نظام، ماحولیاتی نگرانی، شہری منصوبہ بندی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبوں میں نمایاں اضافہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والے ہائی ریزولوشن ڈیٹا سے وسائل کے بہتر انتظام میں مدد ملے گی اور ملک کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے میں سہولت ملے گی۔
اس کامیابی پر اظہارِ فخر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے لیے ایک سنگِ میل ہےجو قوم کی بڑھتی ہوئی تکنیکی قوت اور جدت پسندی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ HS-1 پر کامیاب اشتراکِ عمل ملک کے لیے فخر کا باعث ہے اور مستقبل کے چیلنجز کے مقابلے میں اس کی مضبوطی میں اضافہ کرتا ہے۔








