چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ کی ملاقات، بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی ڈیجیٹل البم پیش کی

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ملاقات کی، اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او)مبشر حسن بھی موجود تھے۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات چیئرمین سینیٹ کی سرکاری رہائش گاہ پر ہوئی۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے حال ہی میں اسلام آباد …

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ملاقات کی، اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او)مبشر حسن بھی موجود تھے۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات چیئرمین سینیٹ کی سرکاری رہائش گاہ پر ہوئی۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے حال ہی میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کی ڈیجیٹل البم چیئرمین سینیٹ کو پیش کی جس میں کانفرنس کے اہم لمحات، عالمی سطح پر شرکت کرنے والے معزز سپیکرز اور پارلیمنٹیرینز، سیشنز اور دیگر سرگرمیوں کو محفوظ کیا گیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کانفرنس کی شاندار میڈیا کوریج اور موثر تشہیر پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے مثبت اثرات اب واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص مزید مضبوط ہوا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کا مرکزی موضوع امن، سلامتی اور ترقی تھا جس کے تحت اسلام آباد اعلامیہ متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اعلامیے میں عالمی امن کے فروغ، پائیدار ترقی اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی روشنی میں ایک منصفانہ اور مستحکم عالمی نظام کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے وزارت اطلاعات ونشریات کی معاونت اور پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں منعقدہ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی سینیٹ آف پاکستان نے کی جبکہ اس کی قیادت خود چیئرمین سینیٹ نے کی۔ انہوں نے اس کانفرنس کو پارلیمانی سفارتکاری کے فروغ میں ایک سنگ میل قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کانفرنس میں دنیا بھر سے معزز سپیکرز اور پارلیمنٹیرینز کی شرکت نے اسے ایک تاریخی اور فیصلہ کن پیش رفت بنا دیا جس سے مختلف ممالک کے درمیان مکالمے، تعاون اور باہمی اعتماد کو فروغ ملا۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سپیکرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی قیادت میں پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے مختلف ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا جو پاکستان کی خارجہ اور پارلیمانی حکمت عملی کی بڑی کامیابی ہے۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی وزارت آئندہ بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے موقف اورکامیابیوں کو موثر انداز میں اجاگر کرتی رہے گی۔