چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کے لیے قومی اور عالمی سطح پر اجتماعی اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا سمندروں کے عالمی دن موقع پر سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کے لیے قومی اور عالمی سطح پر اجتماعی اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اتوار کوسمندروں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے رواں سال کے سمندروں کے عالمی دن کے موضوع’’ری امیجن‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سمندر محض دور دراز قدرتی وسائل نہیں بلکہ انسانی زندگی، ماحولیاتی توازن، غذائی تحفظ اور معاشی ترقی کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ساحلی ملک ہونے کے ناطے،وسیع سمندری امکانات اور وسائل کا حامل ہے، اس لیے سمندری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور آلودگی، حد سے زیادہ ماہی گیری اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔چیئرمین سینیٹ نےکہا کہ سمندروں کا تحفظ نہ صرف ماحول کے استحکام بلکہ قومی معیشت کی مضبوطی کے لیے بھی ناگزیر ہے، بالخصوص ماہی گیری، تجارت اور بلیو اکانومی سے وابستہ شعبوں میں اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے ماحولیاتی شعور بیدار کرنے، مؤثر ماحولیاتی حکمرانی کو فروغ دینے اور پائیدار سمندری پالیسیوں اور طریقہ کار کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے پالیسی سازوں، اداروں، سول سوسائٹی اور نوجوانوں سمیت تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ سمندروں اور سمندری وسائل کے تحفظ کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور ایک صاف، صحت مند اورپائیدار مستقبل کے قیام کے لیے عالمی کوششوں کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔








