چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی تھائی لینڈ کی سینیٹ کے صدر مونگکول سوراساجا سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی تھائی لینڈ کی سینیٹ کے صدر مونگکول سوراساجا سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بنکاک میں تھائی لینڈ کی سینیٹ کے صدر مونگکول سوراساجا سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، افرادی قوت اور ثقافتی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دیرینہ، قریبی اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک علاقائی و کثیرالجہتی فورمز پر بھی تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تھائی لینڈ کے ساتھ دوطرفہ اور آسیان کے تناظر میں تعلقات کو مزید مستحکم اور متنوع بنانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں جو دونوں اقوام کے درمیان دوستی کی گہرائی اور گرمجوشی کی عکاس ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام سابق تھائی بادشاہ بھومی بول ادولیادیج اور ملکہ سریکٹ کے 1962ء میں پاکستان کے تاریخی دورے کو آج بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ تھائی بادشاہ وچیرا لونگ کور نے ولی عہد کی حیثیت سے 1991ء، 1998ء اور 2006ء میں پاکستان کے تین دورے کیے جبکہ شہزادی مہا چکری سریندھورن نے 2012ء میں پاکستان کا یادگار دورہ کیا تھا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتن چرن ویراکل کے جلد دورہ پاکستان کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان نے 20 اکتوبر 2026ء کو تھائی وزیر اعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے ارکان پارلیمنٹ کثیرالجہتی اجلاسوں کے موقع پر باقاعدگی سے ملاقات کرتے ہیں تاہم دوطرفہ پارلیمانی روابط میں مزید اضافہ ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سینیٹ پاکستان میں تھائی لینڈ پاکستان پارلیمانی دوستی گروپ قائم کیا گیا ہے جبکہ تھائی لینڈ میں بھی دونوں ایوانوں کے ارکان پر مشتمل مشترکہ انتظامی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے تھائی سینیٹ کے صدر اور سینیٹ کے وفد کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے تھائی سینیٹ کے صدر نے قبول کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں تھائی لینڈ کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران دوطرفہ تجارت کا حجم ایک ارب 59 کروڑ ڈالر رہا جس میں پاکستان کی برآمدات 29 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جبکہ تھائی لینڈ سے درآمدات ایک ارب 31 کروڑ ڈالر رہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے تھائی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں غذائی مصنوعات کی تیاری، سمندری خوراک، جواہرات و زیورات اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صنعتی یونٹس کے قیام سے تھائی کاروباری اداروں کو وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ، افریقہ اور یورپ کی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے تھائی لینڈ میں حالیہ صورتحال کے تناظر میں افرادی قوت کی ضروریات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تھائی لینڈ پاکستان سے ہنرمند، نیم ہنرمند اور کم ہنرمند افرادی قوت حاصل کر کے مینوفیکچرنگ اور تعمیراتی شعبوں میں اپنی ضروریات پوری کر سکتا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کا قدیم گندھارا ورثہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلق کا اہم ذریعہ ہے اور عوامی و ثقافتی روابط کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بنکاک میں پاکستانی سفارتخانہ تھائی وزارت ثقافت کے تعاون سے 2027ء میں بدھ مت کے گندھارا نوادرات کی نمائش منعقد کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے تھائی ہم منصب کو بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے حوالے سے بھی بریفنگ دی اور کہا کہ یہ فورم پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے امن کے فروغ کے تصور کے تحت قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے دو اجلاس پاکستان اور کمبوڈیا میں منعقد ہو چکے ہیں اور یہ امن، تعاون اور خوشحالی کے لیے پارلیمانی سربراہان اور پریذائیڈنگ افسران کے درمیان تعاون کا اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے۔ تھائی سینیٹ کے صدر نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے پارلیمانی سفارتکاری اور بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے وژن کو سراہتے ہوئے دونوں سینیٹ کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں جانب سے امن، علاقائی استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات کے بعد چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

 

مزید خبریں