چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دیوالی کے موقع پر ملک بھر سمیت دنیا بھر میں بسنے والی ہندو برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دیوالی روشنی، امید، امن اور نیکی کی فتح کا تہوار ہے جو ہمیں اندھیروں کے خلاف روشنی، نفرت کے مقابلے میں محبت، اور ناانصافی کے خلاف انصاف کے …

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دیوالی کے موقع پر ملک بھر سمیت دنیا بھر میں بسنے والی ہندو برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دیوالی روشنی، امید، امن اور نیکی کی فتح کا تہوار ہے جو ہمیں اندھیروں کے خلاف روشنی، نفرت کے مقابلے میں محبت، اور ناانصافی کے خلاف انصاف کے قیام کا پیغام دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک کثیرالثقافتی، کثیرالمذاہب اور باہمی احترام پر مبنی معاشرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کے سماجی، تعلیمی، اقتصادی اور ثقافتی سفر میں اہم شریک ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں اپنی سرزمین کو وہ روشنی بنانا ہے جو نفرت، تعصب اور تقسیم کے اندھیروں کو ختم کر دے، اسلام کا پیغام امن، محبت، عدل اور انسانیت کی خدمت ہے اور یہی پیغام تمام مذاہب میں مشترکہ اقدار کے طور پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی باہمی احترام اور بھائی چارہ پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور پرامن ملک بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمان پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی اتحاد کے فروغ کے لئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ وفاق کی علامت ہے اور اس ایوان کا بنیادی مقصد ملک کے تمام طبقوں اور خطوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا رکھنا ہے تاکہ پاکستان میں انصاف، مساوات اور بھائی چارے کا نظام مضبوط ہو۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار پاکستان میں بسنے والی تمام برادریوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور ملک میں رواداری و بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دے گا۔