چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی فیفا ورلڈ کپ میں شاندار کامیابی پر حکومت سپین، سپین کی قومی فٹ بال ٹیم، کوچنگ سٹاف اور تمام کھلاڑیوں کو دلی مبارکباد

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر حکومت سپین، سپین کی قومی فٹ بال ٹیم، کوچنگ سٹاف اور تمام کھلاڑیوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر حکومت سپین، سپین کی قومی فٹ بال ٹیم، کوچنگ سٹاف اور تمام کھلاڑیوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران سپین کی غیر معمولی کارکردگی، بہترین ٹیم ورک، نظم و ضبط، عزم اور اعلیٰ کھیل کے معیار نے انہیں عالمی چیمپئن بننے کا حقیقی حقدار ثابت کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپین نے پورے مقابلے میں شاندار مہارت، بہترین حکمت عملی اور غیر معمولی استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا جو قابل ستائش ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں بالخصوص لامین یامال کی غیر معمولی صلاحیتوں، شاندار کھیل اور بھرپور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی نے دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری اور کھیلوں کے ٹیلنٹ کی موثر سرپرستی مضبوط، باصلاحیت اور ترقی یافتہ قوموں کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کھیل دنیا بھر کے ممالک اور عوام کے درمیان امن، باہمی احترام، دوستی، ہم آہنگی اور خیرسگالی کو فروغ دینے کا موثر ذریعہ ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسپین مستقبل میں بھی کھیلوں کے میدان میں اپنی شاندار روایات، اعلیٰ کارکردگی اور فیئر پلے کے جذبے کے ذریعے عالمی برادری کے لیے ایک مثالی کردار ادا کرتا رہے گا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سپین کی قومی فٹ بال ٹیم کے لیے مستقبل میں بھی مزید کامیابیوں اور بین الاقوامی سطح پر نئی فتوحات کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔