چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ایسٹر کے پُرمسرت موقع پر دنیا بھر میں بسنے والی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ایسٹر کے پُرمسرت موقع پر دنیا بھر میں بسنے والی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے اتوار کو جاری اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایسٹر مسیحی برادری کے لیے روحانی تجدید، امید اور محبت کا عظیم تہوار ہے، جس کے موقع پر خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع نہ صرف روحانی وابستگی کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہے بلکہ معاشرے میں محبت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کا بھی اہم پیغام دیتا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے مسیحی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی خصوصی عبادات میں پاکستان کی سلامتی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعائیں کریں اور ساتھ ہی اپنے مذہبی اجتماعات کے ذریعے بین المذاہب ہم آہنگی، برداشت اور اخوت کا پیغام عام کریں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور وہ اپنی عبادت گاہوں میں بلا خوف و خطر اپنی مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آئینِ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے اور اس ضمن میں مؤثر قانون سازی بھی کی گئی ہے تاکہ تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی آواز کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کیا ہے۔ پارلیمنٹ میں قائم مختلف کمیٹیوں کے ذریعے اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اپنے پیغام کے آخر میں چیئرمین سینیٹ نے ایک بار پھر دنیا بھر کی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے امن، خوشی اور کامیابی کی دعا بھی کی۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔