"چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ آفس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور قابلِ نفرت کارروائی قرار دیا۔”
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی کراچی میں رینجرز کیمپ پر حملے کی مذمت
اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ آفس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور قابلِ نفرت کارروائی قرار دیا ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے اتوار کو جاری اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر مذموم کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے حملے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمہ اور پاکستان کے امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے قومی سطح پر مشترکہ کوششیں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔









