چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ملائیشیا کی سینیٹ کے صدر کے مابین ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ، باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کی مجموعی صورتحال خاص طور پر مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال

87
Muhammad Sadiq Sanjrani

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ملائیشیا کی سینیٹ کے صدر سینیٹر تان سری ڈاکٹر حاجی وان جنیدی بن تنکو جعفر کے مابین ویڈیو لنک کے ذریعے رابطے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کی مجموعی صورتحال اور خاص طور پر مسئلہ فلسطین پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملائیشیا کی سینیٹ کے صدر سینیٹر تان سری ڈاکٹر حاجی وان جنیدی بن تنکو جعفر نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ایوان بالا کا خصوصی اجلاس طلب کر کے سیر حاصل بحث کرائی۔

پاکستان کے ایوان بالا نے اقوام عالم میں مسئلہ فلسطین کے حوالے سے موثر آواز اُجاگر کی ہے۔صدر ملائیشیا سینیٹ نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کو پاکستان کے سینیٹ میں مسئلہ فلسطین کو بھر پور انداز میں اُجاگر کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔پاکستان کے سینیٹ کے اجلاس میں مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ایک جامع اور موثر قرار داد متفقہ طور پر پاس کی گئی جو قابل تحسین ہے۔

پاکستان کے سینیٹ اجلاس میں اسرائیلی ظلم وبربریت اور انسانی حقوق کی بد ترین پامالیوں کی بھر پور انداز میں مذمت کی گئی۔ صدر ملائیشیا سینیٹ نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے پارلیمانوں میں سے پاکستان کے پارلیمان نے سب سے زیادہ موثر انداز میں مسئلہ فلسطین پر آواز بلند کی۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی ملائیشیا کی سینیٹ کا اجلاس طلب کر کے مسئلہ فلسطین پر تفصیلی اور بھر پورانداز میں بحث کی جائے گی۔ویڈیو لنک رابطہ میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے علمبردار ممالک مسئلہ فلسطین کے حوالے سے بری طرح ناکام ہوئے ہیں اورفلسطین میں جاری موجودہ صورتحال پوری دنیا کے لئے سنگین صورتحال اختیار کر سکتی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ فلسطین میں جاری ظلم و بربریت ایک انسانی المیہ بن چکا ہے۔

اقوام عالم کواسرائیلی ظلم و بربریت کے تدارک کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اور اقدامات اٹھانے ہوں گے، ہر اہم فورم پر مل کر مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اُجاگر کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ویڈیو لنک بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے مابین برادرانہ و سفارتی تعلقات، تجارت،سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا گیا اور اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے تاجر و سرمایہ کار دونوں ممالک میں موجود سرمایہ کے مواقع سے مستفید ہوں گے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرا نی نے ملائیشیا کے سینیٹ کے صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔صدر ملائیشیا سینیٹ نے کہا کہ وہ مناسب وقت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ویڈیو لنک رابطے میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت اور انسانی حقو ق کی بدترین پامالی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے ہسپتالوں، نہتے معصوم شہریوں پر اسرائیلی فضائی اورزمینی حملے عالمی برادری کے لئے لمحہ فکریہ ہیں، اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں،غزہ کے ہسپتال پر تباہ کن حملے نے ساری دنیا کو دہشت زدہ کر دیا ہے،

عالمی برادری اسرائیل کے مجرمانہ فعل میں دوہرے معیار اور بین الاقوامی انسانی قانون کے اطلاق میں امتیازی طرزِ عمل کو ترک کرے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نہتے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ،مضبوط اور مشترکہ موقف کی ضرورت ہے اورغزہ کے شہریوں تک خوراک اور ادویات کی فراہمی کے لئے فوری طور پر محفوظ راہداریاں کھولی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قانون کے تحت جنگ میں ہسپتال اور طبی امداد فراہم کرنے والوں کو تحفظ حاصل ہوتا ہے اور یہ صریح جارحیت اور بے رحمانہ عمل انسانیت کے خلاف ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ بے گناہ شہریوں، ہسپتال اور املاک کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا جنگی جرم ہے جس سے اسرائیلی نفرت انگیز بربریت بے نقاب ہوئی ہے۔