چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی آذربائیجان کی سپیکر سے آن لائن میٹنگ میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کی سپیکر سے پارلیمنٹ ہاﺅس سے آن لائن میٹنگ کے دوران کیا ۔ چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ دونوں …

اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کی سپیکر سے پارلیمنٹ ہاﺅس سے آن لائن میٹنگ کے دوران کیا ۔ چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک غربت، انسانی حقوق کی بہتر فراہمی، مساوات، دہشت گردی، انتہا پسندی اور موسمی تغیرات جیسے چیلنجز کےلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر کے بہتری لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) اور ایشین پارلیمانی اسمبلی (اے پی اے)کے ممبر ممالک ہیں اور دونوں ممالک کی پارلیمان ان کثیر الجہتی فورمز سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔ ہمیں اپنے ممالک اور عوام کی ترقی اور بہتر مستقبل کےلئے ان فورمز سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آذربائیجان نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور پاکستان بھی آذربائیجان کے موقف کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے سپیکر آذربائیجان کی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت اور انسانی حقوق کی بد ترین پامالی کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ہمیں کشمیریوں کی آزادی کےلئے نہ صرف بھر پور آواز اٹھانی چاہیے بلکہ بین الاقوامی اہم فورمز پر اقدامات کی بھی ضرورت ہے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کا خواہاں ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات ہی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے سپیکر آذربائیجان کو آگاہ کیا کہ پاکستان کی پارلیمان نے بین الپارلیمانی یونین کے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کےلئے ان کا نام متفقہ طور پر نامزد کیا ہے اور اس سلسلے میں چیئرمین سینیٹ نے آذربئیجان کی پارلیمنٹ کے بھر پور حمایت کی درخواست بھی کی ۔ چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی روابط کے فروغ کےلئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیتے ہوئے سپیکر آذربائیجان کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ سپیکر آذربئیجان نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے بین الپارلیمانی یونین کے صدارتی انتخاب میں بھر پور حمایت کی یقین دہانی کرائی اور چیئرمین سینیٹ کو آذربئیجان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔