چیئرمین سینیٹ کا ژوب میں بس حادثے پر دکھ کا اظہار

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں مسافر بس کے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں مسافر بس کے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے افسوسناک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی مغفرت اور درجاتِ بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر، حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔سید یوسف رضا گیلانی نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ متاثرین کو ہر ممکن طبی سہولیات اور امداد کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پوری قوم اس المناک سانحے پر سوگوار ہے اور غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔