اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعہ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں پبلک اور کمرشل گاڑیوں کو الیکٹرکل وہیکلز پرمنتقل کرنے کے جامع منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں میٹرو اور ای وی بسوں اور ان کے بس سٹیشنز پر ڈیجیٹل اشتہارات کے حوالے سے تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ممبر ایڈمن، ممبر ٹی اینڈ ڈی سمیت اسلام آباد بس سروس کے متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ شہر میں مؤثر عوامی نقل و حمل کے نظام کے قیام کی طرف ایک اہم قدم ہے، پبلک اور کمرشل بسوں کو ای وی بسوں میں تبدیل کرنے سے شہر کی نقل و حمل کے انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کے ساتھ ساتھ کاربن کے اثرات کو نمایاں طور پر کم کرنے میں مدد ملے گی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ کمرشل بسوں کو ای وی بسوں میں تبدیل کرنے کے عمل میں تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔انہوں نے برقی نقل و حمل کی طرف تیز منتقلی کو فروغ دینے کے لئے خصوصی مراعات فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں گا ڑیوں کے لئےچارجنگ انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے نے شہر بھر کے تمام پٹرول پمپس پر ای وی گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کے قیام کو سہولت فراہم کرنے کے لئے نئے ضوابط متعارف کرانے کی بھی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے نے بسوں اور بس سٹیشنز پر ڈیجیٹل اشتہارات متعارف کرانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اشتہارات سے ریونیو میں اضافہ ہوگا اور سبسڈی پر انحصار کو کم کیا جائے گا، ڈیجیٹل سکرینوں کو اس طرح نصب کیا جائے کہ شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے اسلام آباد میں تمام اداروں اور تنظیموں بشمول سکولز، کالجز اور یونیورسٹیوں کے ساتھ مل کر بسوں کو ای وی بسوں میں تبدیل کرنے پر کام کرے گا۔واضح رہے یہ اقدام سی ڈی اے کے پائیدار شہری ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے اور اسے ایک ماڈل شہر کے طور پر پیش کرے گا۔