اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بدھ کوسی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اسلام آباد فیڈر بسوں کے روٹس کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سی ڈی اے ممبران سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔چیئرمین سی ڈی اےنے ہدایت کی کہ ترنول تا سیکرٹریٹ، بہارہ کہو تا پیر ودہائی اور روات چوک تا سیکرٹریٹ تک فیڈر بسیں چلانے پر کام کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فیڈر بسوں کے روٹس کی پلاننگ کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا جائے کہ یہ روٹس اسلام آباد کے اہم مراکز، یونیورسٹیز، ہسپتالوں سمیت دیگر اہم مقامات کے پاس سے گزرتے ہوں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ لوگوں کی سہولت کے پیش نظر ٹیکنالوجی کے استعمال کو لاتے ہوئے فیڈر بسوں کے حوالے سے ایپ متعارف کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق طبقے اور بزرگ شہریوں کو سبسڈی دینے کیلئے کام کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فیڈر بس سروس کو استعمال کرنے والے شہریوں کیلئے ہفتہ وار اور ماہانہ بنیادوں پر کارڈ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ بس ٹرمینلز میں اشتہارات کیلئے ڈیجیٹل بورڈ متعارف کرائے جائیں اور تمام بس ٹرمینلز کو سٹیٹ آف دی آرٹ تیار کیا جائے۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے نے معیاری، کم خرچ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے قیام کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔