اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سیرینا انٹرچینج منصوبے کا دورہ کیا ، انہیں منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور ان کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔بدھ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیرینا انٹرچینج کے خیابان سہروردی انڈرپاس کا فنشنگ کا کام مکمل ہونے کے بعد ٹریفک کے لئے کھلا ہے،سری نگر ہائی وے کے دونوں انڈرپاسز کا کام آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے،منصوبے کی تمام رابطہ اور سلپ سڑکوں پر اسفالٹ کا کام تیزی سےجاری ہے۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سری نگر ہائی وے کے انڈر پاسز کا فنشنگ کا کام مکمل کر کے ٹریفک کیلئے جلد کھولا جائے۔بر یفنگ میں بتایا کہ سیرینا انٹرچینج منصوبے سے منسلک تمام انڈر پاسز کے اطراف بیوٹیفکیشن اور ہارٹیکلچر کا کام تیزی سے جاری ہے،منصوبے کے اطراف مستقل بنیادوں پر لائٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے۔
چیئر مین سی ڈی اے نے کہاکہ منصوبے کے اطراف فنشنگ اور بیوٹیفکیشن کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے،منصوبے کے باقی ماندہ تعمیراتی کاموں کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کی رفتار کے ساتھ اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔