فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام جماعت نہم و دہم کے سالانہ امتحانات 2026 کے سلسلے میں چیئرمین ڈاکٹر اکرام علی ملک نے روٹس انٹرنیشنل سکول اینڈ کالج ایچ-8/4 اسلام آباد میں قائم امتحانی مرکز کا دورہ کیا۔
چیئرمین فیڈرل بورڈ کا دورہ امتحانی مرکز ، انتظامات پر اطمینان کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام جماعت نہم و دہم کے سالانہ امتحانات 2026 کے سلسلے میں چیئرمین ڈاکٹر اکرام علی ملک نے روٹس انٹرنیشنل سکول اینڈ کالج ایچ-8/4 اسلام آباد میں قائم امتحانی مرکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے امتحانات کے شفاف اور منظم انعقاد کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی عمل میں شفافیت، میرٹ اور قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری یقینی بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر اکرام علی ملک نے امتحانی ہال میں نشستوں کی ترتیب، عملے کی مستعد نگرانی اور مقررہ طریقہ کار پر عملدرآمد کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تقلید قرار دیا۔
انہوں نے امتحانی مرکز کے ماحول کو بھی تسلی بخش قرار دیا اور صفائی ستھرائی، بنیادی سہولیات کی دستیابی اور عملے و طلبہ کے نظم و ضبط کو سراہا۔ چیئرمین نے طلبہ سے مختصر گفتگو بھی کی۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ طلبہ پُراعتماد اور ذہنی طور پر پُرسکون ہیں جو امتحانی نظام پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے۔ چیئرمین فیڈرل بورڈ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرکاری امتحانات کی ساکھ کو مزید مستحکم بنانے، میرٹ کے فروغ اور ادارہ جاتی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے جبکہ جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق امتحانی نظام میں بہتری بھی ترجیح رہے گی۔








