
اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے 170.625 ملین روپے کا چیک نیب ہیڈ کوارٹرز میں نجکاری کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری سردار احمد نواز سکھیرا کے حوالہ کر دیا۔ نیب کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق نجکاری کمیشن کی اس وقت کی انتظامیہ نے 26 مئی 2010ءکو 300 ملین اور 28 جون 2010ءکو 200 ملین روپے کی ٹرسٹ انوسٹمنٹ بینک لمیٹڈ میں سرمایہ کاری جو شیڈول بینک نہیں تھا۔ نجکاری کمیشن نے ٹرسٹ انوسٹمنٹ بینک لمیٹڈ کو نجکاری کمیشن ایکٹ 2011ءکے تحت رقم کی بازیابی کیلئے نوٹسز جاری کئے لیکن وہ اسے بازیاب نہیں کرا سکا۔ بعد ازاں نجکاری کمیشن نے کیس ایف آئی اے کے سپرد کر دیا۔ نجکاری کمیشن کو بعد کی تاریخوں کے چیک جاری کئے گئے جو ڈس آنر ہو گئے پھر معاملہ نیب کے حوالہ کر دیا گیا۔ نیب نے نجکاری کمیشن کی اس وقت کی انتظامیہ کی طرف سے اختیارات کے غلط استعمال کے ذریعے سرکاری خزانہ کو پہنچنے والے بھاری نقصان کی وصولی کیلئے انکوائری کا آغاز کیا۔