چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد سعید کا مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ، تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا
چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد سعید کا مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ، تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد سعید نے جمعرات کو خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر زیر تعمیر مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ ممبر واٹر واپڈا عاصم رؤف خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ترجمان واپڈا کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین واپڈا نے مین ڈیم اور پاور ہاؤس سمیت پراجیکٹ کی اہم سائٹس پرجاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
چیئرمین واپڈا نے کہا کہ مہمند ڈیم پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کے لئے ایک اہم قومی منصوبہ ہے۔ انہوں نے واپڈا کی پراجیکٹ ٹیم، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کو تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرنے، تکنیکی معیار اور بہترین کوالٹی سٹینڈرڈز پر عملدرآمد یقینی بنانے اور پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین واپڈا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مہمند ڈیم کی بروقت تکمیل طویل مدتی مقاصد کے تحت پاکستان کی پائیدار ترقی اور معاشی استحکام جیسے اہداف حاصل کرنے کیلئے نہایت ضروری ہے۔قبل ازیں ،چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ آفس میں مہمند ڈیم کنسلٹنگ گروپ کے بورڈ آف مینجمنٹ اور کنٹریکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت بھی کی۔
مہمند ڈیم ایک کثیر المقاصد منصوبہ ہے۔ تکمیل کے بعد ڈیم میں مجموعی صلاحیت کے مطابق 12 لاکھ 90 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا جس سے آبپاشی کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ چارسدہ، مردان اور نوشہرہ میں سیلاب سے بچاؤ میں مدد ملے گی۔پراجیکٹ سے پشاور کو روزانہ 300 ملین گیلن پینے کا پانی بھی مہیا کیا جائے گا۔ 800 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل مہمند ڈیم پراجیکٹ سے نیشنل گرڈ کو ہر سال 2 ارب 86 کروڑ یونٹ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی بھی فراہم کی جائے گی۔








