دبئی۔21دسمبر (اے پی پی):چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو ذلت آمیز شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان انڈر 19 ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے اس تاریخی فتح کو نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، بہترین حکمت عملی اور مثالی ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا۔ محسن نقوی کا کہنا ہے …
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی پاکستان انڈر 19 ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر مبارکباد، نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا

مزید خبریں
دبئی۔21دسمبر (اے پی پی):چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو ذلت آمیز شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان انڈر 19 ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے اس تاریخی فتح کو نوجوان کھلاڑیوں کی محنت، بہترین حکمت عملی اور مثالی ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں نے فائنل میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور روایتی حریف بھارت کو شرمناک شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
انہوں نے خاص طور پر سمیر منہاس کی بیٹنگ پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف جیت میں سمیر منہاس کی اننگز قابل تعریف رہی۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پی سی بی کی رائزنگ اسٹارز پر کی جانے والی سرمایہ کاری کا منہ بولتا ثبوت ہے جو مستقبل میں پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند ثابت ہو گی۔
انہوں نے اس فتح کو شائقین کرکٹ کے لیے خوشی اور فخر کا لمحہ قرار دیا۔ چیئرمین پی سی بی نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی اور ایشیا کپ جیتنے پر ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے ٹیم کوچ سرفراز احمد اور مینجمنٹ اسٹاف کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ کوچنگ اسٹاف کی رہنمائی نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
محسن نقوی میچ کے دوران پاکستان ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے گراؤنڈ میں موجود شائقین سے بھی ملے۔ شائقین نے چیئرمین پی سی بی کو انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان ٹیم نے کمال کر دیا اور آج ہمارے دل جیت لیے ہیں۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم کی اس شاندار فتح پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور کرکٹ حلقوں میں نوجوان کھلاڑیوں کے روشن مستقبل کے حوالے سے امیدیں مزید مضبوط ہو گئی ہیں۔








