عاقب جاوید نے سلمان بٹ کے پروگرام "سٹریٹ ڈرائیو” میں شرکت کرتے ہوئے اپنے کرکٹ سفر، پلیئر پاتھ ویز، سلیکشن پالیسی، سینٹرل کنٹریکٹس، اکیڈمی سٹرکچر اور کرکٹ ڈیولپمنٹ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
چیئرمین پی سی بی کی قیادت میں کرکٹ کی ترقی کے لئے مثبت اقدامات کیے جا رہے ہیں،عاقب جاوید

مزید خبریں
لاہور۔8جولائی (اے پی پی):عاقب جاوید نے سلمان بٹ کے پروگرام "سٹریٹ ڈرائیو” میں شرکت کرتے ہوئے اپنے کرکٹ سفر، پلیئر پاتھ ویز، سلیکشن پالیسی، سینٹرل کنٹریکٹس، اکیڈمی سٹرکچر اور کرکٹ ڈیولپمنٹ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قیادت میں ملک بھر میں کرکٹ کی ترقی کے لئے سنجیدہ اور مثبت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی سلیکشن ایسے کمبی نیشن کے تحت ہونی چاہیے جو 20 وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتا ہو، کیونکہ اس فارمیٹ میں غیر ضروری تجربات کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کے دوران کنڈیشنز، ٹیم کمبی نیشن اور میچ جیتنے کی صلاحیت کو مدنظر رکھا جانا چاہیے، جبکہ ہر بولر کو اپنی ذمہ داری اور ٹیم کی ضرورت کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پلیئر پاتھ وے میں نظم و ضبط، ریڈ بال کرکٹ اور اکیڈمی سسٹم پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان فاسٹ بولرز کی درست انداز میں مینجمنٹ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لئے انتہائی اہم ہے۔عاقب جاوید نے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر عامر جمال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کیمپ میں اپنی رفتار، شارپنس اور طویل سپیلز کرنے کی صلاحیت سے متاثر کیا۔ انہوں نے نوجوان فاسٹ بولر علی رضا کو باصلاحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جلد بازی میں زیادہ ورک لوڈ نہیں دینا چاہیے بلکہ جسمانی طور پر مضبوط ہونے اور مرحلہ وار آگے بڑھنے کے لئے مناسب وقت فراہم کرنا ضروری ہے۔








