چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی کی چیئرپرسن بلوچستان ریونیو اتھارٹی سے ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ نے چیئرپرسن بلوچستان ریونیو اتھارٹی عبداللہ خان سے ملاقات کی، جس میں گوادر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ

کوئٹہ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ نے چیئرپرسن بلوچستان ریونیو اتھارٹی عبداللہ خان سے ملاقات کی، جس میں گوادر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، گوادر پورٹ سے ٹیکس محصولات کی صلاحیت، ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی اور دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران گوادر پورٹ سے متعلق معلومات کے مؤثر تبادلے، ڈیجیٹلائزیشن، ڈیٹا شیئرنگ اور ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت و مؤثریت بڑھانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گوادر کی کاروباری سرگرمیوں سے متعلق معلومات کے بروقت تبادلے اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ٹیکس وصولی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔

دونوں جانب سے ڈیٹا شیئرنگ اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے گوادر پورٹ سے حاصل ہونے والی ٹیکس محصولات کی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔