20ویں ایشین گیمز: سکواش میں پاکستان کے لیے شاندار دن، محمد عرفان اور نور زمان سیمی فائنل میں داخل

جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں جاری 20ویں ایشین گیمز کے دوران 25 ستمبر کو کھیلے گئے مقابلوں میں پاکستان کے لیے ملا جلا دن رہا جہاں سکواش کورٹ سے شاندار کامیابیوں کی نوید ملی جبکہ بیڈمنٹن، فینسنگ، تیراکی اور ایتھلیٹکس میں قومی ایتھلیٹس کوئی نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔سکواش کے مینز سنگلز مقابلوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا جہاں دو قومی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ …

ایچی ناگویا ۔25ستمبر (اے پی پی):جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں جاری 20ویں ایشین گیمز کے دوران 25 ستمبر کو کھیلے گئے مقابلوں میں پاکستان کے لیے ملا جلا دن رہا جہاں سکواش کورٹ سے شاندار کامیابیوں کی نوید ملی جبکہ بیڈمنٹن، فینسنگ، تیراکی اور ایتھلیٹکس میں قومی ایتھلیٹس کوئی نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔سکواش کے مینز سنگلز مقابلوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا جہاں دو قومی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔

کوارٹر فائنل رائونڈ میں پاکستان کے محمد عرفان نے روایتی حریف بھارت کے ویر چوترانی کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 1-3 سے تاریخی فتح سمیٹی۔ اسی ایونٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے نور زمان نے ہانگ کانگ کے چی ہن ہینری کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 1-3 سے پچھاڑ دیا تاہم مکسڈ ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں قومی جوڑی کو ہانگ کانگ، چین کے ہاتھوں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب بیڈمنٹن کے میدان سے مایوس کن نتائج سامنے آئے۔ مکسڈ ڈبلز کے پہلے رائونڈ میں پاکستان کی ٹیم کو جنوبی کوریا کے ہاتھوں 0-2 سے یکطرفہ شکست ہوئی۔ مینز سنگلز کے پہلے رائونڈ میں قومی بیڈمنٹن کھلاڑی محمد علی لاروش نے قازقستان کے مکھسوت تاجیبلیئف کے خلاف سخت مزاحمت کی مگر وہ 1-2 کے سکور سے میچ ہار کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔

فینسنگ اور تیراکی کے مقابلوں میں بھی پاکستانی دستے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فینسنگ میں مینز فوائل ٹیم (ٹیبل آف 16) کے مقابلے میں پاکستان کو چین کے خلاف 12 کے مقابلے میں 45 پوائنٹس سے یکطرفہ شکست ہوئی۔ تیراکی کے شعبے میں خواتین کی 50 میٹر بٹر فلائی (ہیٹ 1) میں مشعل عائشہ حیات ایوب 30.95 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ اپنی ہیٹ میں آٹھویں جبکہ مجموعی 28 ایتھلیٹس میں 25ویں نمبر پر رہیں۔ مردوں کے 50 میٹر بریسٹ سٹروک (ہیٹ 1) میں حمزہ آصف نے 30.47 سیکنڈ کا وقت نکالا اور وہ اپنی ہیٹ میں پانچویں اور 40 تیراکوں میں مجموعی طور پر 35ویں نمبر پر رہے۔

ایتھلیٹکس کے میدان میں بھی قومی مہم کا آغاز مایوس کن رہا جہاں خواتین کے پول والٹ ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی نورین حسین کوئی باقاعدہ مارک درج نہ کرا سکیں اور مقابلے میں ’نو مارک‘ (NM) کے ساتھ ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔