چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد سے ڈاکٹر حمیرہ امبرین کی ملاقات
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد سے ڈاکٹر حمیرہ امبرین کی ملاقات
اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد سے منگل کو ڈاکٹر حمیرہ امبرین، فاؤنڈنگ پریزیڈنٹ کرم ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ملاقات کی ۔ملاقات میں خواتین کی معاشی خودمختاری، ہنرمندی کے فروغ اور روزگار کے مواقع بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بینظیر ہنر پروگرام اور کرم ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹیز کے مابین باہمی اشتراک کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر خاص طور پر کرم ایجنسی کی خواتین کو ہنر مند بنانے، انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اسکل ٹریننگ فراہم کرنے اور گھریلو و کاروباری سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نہ صرف مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کر رہا ہے بلکہ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے ہنر مندی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا بھی پروگرام کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ معاشی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
ڈاکٹر حمیرہ امبرین نے کرم ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں عملی تربیت فراہم کرنے کے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ مل کر خواتین کو ہنر مند بنانے، چھوٹے کاروبار کے مواقع فراہم کرنے اور مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔









