چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی زیر صدارت اجلاس ،کرائسز ریزیلینٹ سوشل پروٹیکشن پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی زیر صدارت اجلاس ،کرائسز ریزیلینٹ سوشل پروٹیکشن پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت پیر کو بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں کرائسز ریزیلینٹ سوشل پروٹیکشن (CRISP) پروگرام پر پیشرفت کے حوالےسے عالمی بینک کے وفد کے ساتھ اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے شفافیت اور آپریشنل کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے نظرثانی شدہ سروے سوالناموں، سپاٹ چیکس، پراکسی مینز ٹیسٹ اور ریسرٹیفکیشن کے عمل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ری سرٹیفکیشن کے عمل کا تسلسل برقرار رکھنا، نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانا اور مستحقین کی آراء کو شامل کرنا ضروری ہے تاکہ سروسز کو مزید بہتر بنایا جا سکے اور حقیقی مستحق خاندانوں تک بروقت امداد پہنچے۔

ورلڈ بینک کے وفد کی قیادت امجد ظفر خان، سینئر سوشل پروٹیکشن سپیشلسٹ اور ٹاسک ٹیم لیڈر نے کی جبکہ وفد میں گل نجم جامی، سوشل پروٹیکشن کنسلٹنٹ اور سارہ نظامی شامل تھیں۔ مشن نے تعلیم، صحت اور غذائیت سے متعلق اقدامات پر اپنی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ بی آئی ایس پی نے متعدد اہداف کامیابی سے حاصل کرتے ہوئے نمایاں پیشرفت کی ہے۔اجلاس میں کلاؤڈ بیسڈ ڈیٹا شیئرنگ، مستحقین پر مبنی ادائیگی کے نظام اور ہائبرڈ سوشل پروٹیکشن سکیم پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

امجد ظفر خان نے کرائسز ریزیلینٹ سوشل پروٹیکشن پروگرام کے تحت بی آئی ایس پی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سماجی تحفظ کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لئے ورلڈ بینک کی جانب سے مکمل تکنیکی معاونت اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر عصمت نواز، ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

 

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔