اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے، خطے کی عوام وزیراعظم عمران خان کے منشور، وژن اور پیغام کو والہانہ انداز میں اپنا رہے ہیں، انتخاب میں واحد اکثریتی جماعت بن کرابھریں گے اور گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک …
چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی سے گلگت بلتستان کی نامور سیاسی و سماجی شخصیات حاجی گلبر خان اور حیدر خان کی ملاقات ، پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان
اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے، خطے کی عوام وزیراعظم عمران خان کے منشور، وژن اور پیغام کو والہانہ انداز میں اپنا رہے ہیں، انتخاب میں واحد اکثریتی جماعت بن کرابھریں گے اور گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی نے گلگت بلتستان کی نامور سیاسی و سماجی شخصیات سابق وزیر صحت حاجی گلبر خان اور سابق وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حیدر خان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کی مشہور سیاسی شخصیات حاجی گلبر خان اور حیدر خان نے چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اﷲ خان نیازی سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نظام کی تبدیلی کا جامع پروگرام دیا اور نہایت کامیابی سے اس پر عمل پیرا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے انسداد، عوام کی بہبود اور ملکی وسائل کی ترقی کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا وژن نہایت پرکشش ہے جس میں گلگت بلتستان کے عوام اپنا روشن مستقبل دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور پاکستان تحریک انصاف کے منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جماعت میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے چنانچہ تحریک انصاف کے آئین کے تابع رہتے ہوئے وزیراعظم کے پیغام کی ترویج اور جماعت کو منظم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ حاجی گلبر خان اور حیدر خان کی پارٹی میں شمولیت کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان بیش قیمت قدرتی و انسانی وسائل کا حامل خطہ ہے تاہم محرومیوں کی دلدل میں گھرا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کا جامع پروگرام رکھتی ہے جسے بروئے کار لائیں گے اور عوام کو اسکے ثمرات میں کلیدی شراکت دار بنائیں گے۔ سیف اللہ خان نیازی کے مطابق تحریک انصاف گلگت بلتستان میں مقبول ترین سیاسی جماعت کے طور پر اپنے قدم جما چکی ہے چنانچہ بہترین حکمت عملی اور عوام کی والہانہ حمایت سے انتخاب میں واحد اکثریتی جماعت بن کرابھریں گے اور حکومت قائم کریں گے،دوسری جانب راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین طارق مرتضیٰ نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات کی اور راولپنڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے راولپنڈی کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے آر ڈی اے انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور شفافیت و معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کئے بغیر منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ادھر لاڑکانہ سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سیف اﷲ ابڑو نے بھی چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی سے خصوصی ملاقات کی اور ضلع لاڑکانہ میں تنظیمی ڈھانچے کی تکمیل اور اہداف کے حوالے سے خصوصی ہدایات حاصل کیں۔









