اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے لیبیا کے متحارب فریقین کے درمیان پارلیمانی اور صدارتی انتخابات دو سال کے اندر کرانے کے معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔
اقوام متحدہ کا لیبیا میں دو سال کے اندر پارلیمانی و صدارتی انتخابات کے معاہدے کا خیرمقدم

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔9ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے لیبیا کے متحارب فریقین کے درمیان پارلیمانی اور صدارتی انتخابات دو سال کے اندر کرانے کے معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔
شنہوا کے مطابق سلامتی کونسل کے ارکان نے ایک بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ آزاد، منصفانہ، شفاف اور جامع قومی انتخابات کے انعقاد اور لیبیا کے اداروں کو متحد کرنے کی جانب اہم قدم ہے، جس سے لیبی عوام کی خواہشات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔کونسل کے ارکان نے لیبیا کے فریقین کی تعمیری شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کو تمام لیبیائی فریقوں کی حمایت حاصل ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے مل کر کام کریں۔واضح رہے کہ 2011 میں معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے لیبیا سیاسی طور پر منقسم ہے۔
ملک میں طرابلس میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومتِ قومی اتحاد جبکہ مشرقی حصے میں لیبی نیشنل آرمی کی حمایت یافتہ انتظامیہ موجود ہے۔اقوام متحدہ کے معاونت مشن برائے لیبیا کی سہولت کاری سے طے پانے والا یہ معاہدہ 30 اگست کو لیبیا کی ’’4+4‘‘ کمیٹی نے کیا تھا، جس میں طرابلس اور مشرقی لیبیا کی نمائندگی کرنے والے چار، چار ارکان شامل ہیں۔سلامتی کونسل کے ارکان نے لیبیا میں جامع، لیبیا کی قیادت اور ملکیت میں سیاسی عمل کو آگے بڑھانے میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے معاونت مشن اور سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ حنا ٹیٹے کی مکمل حمایت بھی جاری رکھنے کا یقین دلایا۔







