برطانیہ کے مختلف ایئرپورٹس سے 400 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
برطانیہ کے مختلف ایئرپورٹس سے 400 سے زائد پروازیں منسوخ

مزید خبریں
لندن ۔9ستمبر (اے پی پی):برطانیہ کے مختلف ایئرپورٹس سے 400 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
رائٹرز کے مطابق برطانیہ کے ایئر ٹریفک کنٹرول کے ادارے کے مطابق ایک ’تکنیکی خرابی‘ کے باعث برطانیہ کے ہوائی اڈوں سے آنے اور جانے والی 400 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس سے مسافروں کو ایک بار پھر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ طیاروں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق شام 5 بجے (1600 جی ایم ٹی) تک اس تکنیکی مسئلے کے باعث برطانوی ہوائی اڈوں سے آنے اور جانے والی مجموعی طور پر 425 پروازیں منسوخ کی جا چکی تھیں۔
برطانیہ کے نیشنل ایئر ٹریفک سروسز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ’ہم نے خرابی دور کرنے کے لیے ایک حل نافذ کر دیا ہے اور ہمارا فلائٹ سسٹم بحال ہونا شروع ہو گیا ہے۔ادارے نے مزید کہا کہ ’ہم بحالی کے عمل کے لیے اپنی ایئرلائن اور ہوائی اڈوں کے صارفین کے ساتھ قریبی رابطے میں کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نیشنل ایئر ٹریفک سروسز نے مسافروں کے سفری امور میں پیدا ہونے والی رکاوٹ پر معذرت بھی کی۔








