چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی کی جنوبی خیبرپختونخوا ریجن کی گورننگ باڈی سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی)چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بھی مقبول ترین جماعت ہے، حکومت سازی کے بعد تنظیم نو انتہائی اہم مرحلہ میں ہے، گورننگ باڈی اراکین جنوبی پختونخوا ریجن میں نچلی ترین سطح تک کارکنان کو منظم کرنے کی حکمت عملی تیار کریں۔ ان خیالات کا …

اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی)چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بھی مقبول ترین جماعت ہے، حکومت سازی کے بعد تنظیم نو انتہائی اہم مرحلہ میں ہے، گورننگ باڈی اراکین جنوبی پختونخوا ریجن میں نچلی ترین سطح تک کارکنان کو منظم کرنے کی حکمت عملی تیار کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی خیبرپختونخوا ریجن کی گورننگ باڈی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنوبی خیبرپختونخوا کی نومنتخب گورننگ باڈی کی تقریب حلف برداری کا انعقاد مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا جس میں چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے نومنتخب ذمہ داران سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری کے بعد جنوبی خیبرپختونخوا ریجن کے ذمہ داران کےلئے نیک تمناو¿ں اور خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ گورننگ باڈی تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ جامع مشاورت کے ذریعے فی الفور ذیلی تنظیمی ڈھانچے مکمل کرے، ذمہ داران کارکنان سے مستحکم روابط یقینی بنائیں اور تنظیمی سرگرمیوں کا منصوبہ تیار کریں، جنوبی اضلاع میں مقامی حکومتوں کے انتخاب کی تیاریوں کے پیش نظر خصوصی سرگرمیاں ترتیب دی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریجن میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بھی ذمہ داران بھرپور سرگرمی دکھائیں۔ اجلاس میں کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژنز کیلئے 3 کمیٹیوں کی تشکیل کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ تینوں کمیٹیاں ان ڈویژنز کے دوروں کے بعد کوائف مرتب کریں گی اور ریجنل صدر کو رپورٹ پیش کریں گی۔ اجلاس میں جنوبی خیبرپختونخوا ریجن کے ضلعی صدور کے ناموں پر نظر ثانی کا فیصلہ گیا۔ ریجنل گورننگ باڈی کا آئندہ اجلاس 27 نومبر کو کوہاٹ میں ہو گا۔