چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سیف اللہ خان نیازی کا اسلام آباد چیمبر کا دورہ ، صدر چیمبر محمد احمد وحید سمیت دیگر عہدیداران سے ملاقات کی

اسلام آباد ۔ 24 دسمبر (اے پی پی) چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر محمد احمد وحید سمیت دیگر عہدیداران سے ملاقات کی۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر فرید رحمان کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آمد …

اسلام آباد ۔ 24 دسمبر (اے پی پی) چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر محمد احمد وحید سمیت دیگر عہدیداران سے ملاقات کی۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر فرید رحمان کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آمد کے موقع پر صدر محمود احمد وحید اور دیگر کی جانب سے سیف اللہ خان نیازی کا بھرپور خیرمقدم کیا گیا۔ تاجروں، صنعتکاروں اور کاروباری حضرات کے وفد سے تفصیلی ملاقات میں تاجروں کو درپیش مسائل پر خصوصی گفتگو کی گئی جبکہ تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر نے ٹیکس نظام کی اصلاح اور کاروبار کے فروغ کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے اقدامات پر مفصل انداز میں روشنی ڈالی۔ ملاقات میں تاجروں کو درپیش انتظامی مسائل کے حوالے سے آئی سی سی آئی نمائندوں کی سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ معیشت کی اصلاح و ترقی تحریک انصاف کے حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ فرسودہ نظام اور تباہ حال انتظامی ڈھانچہ تحریک انصاف کی حکومت کو ورثے میں ملا چنانچہ معیشت سے بالواسطہ یا بلاواسطہ منسلک اداروں کی اصلاح کے بغیر پائیدار معاشی نمو کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوپائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں وفاقی حکومت معیشت کو دستاویزی بنانے اور ٹیکس کا نظام سہل و شفاف بنانے کیلئے محنت کر رہی ہے اور حکومتی اقدامات کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں، عالمی مالیاتی ادارے جن کا اعتراف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت بڑے معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری کے بعد اندرونی ڈھانچے کی اصلاح کیلئے بھرپور کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً تاجر اور کاروباری شعبے کو ساتھ ملاکر اہداف حاصل کریں گے۔ سیف اللہ خان نیازی کے مطابق تحریک انصاف نتیجہ خیز اور قابل عمل فیصلہ سازی کے عمل میں تاجر نمائندوں اور چیمبرز کے تعمیری کردار کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ملاقات میں چیمبر کی جانب سے پیش کردہ سفارشات پر عملدرآمد کیلئے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مزید خبریں