چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس، خضدار میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے حکومت سے رائے طلب

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 خضدار میں ضمنی انتخاب کے مجوزہ شیڈول سے آگاہ کرتے ہوئے اس پر صوبائی حکومت سے رائے مانگ لی ہےجبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا گیا ہے کہ خضدار میں ضمنی انتخاب کا انعقاد امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے فی الحال ممکن نہیں۔کمیشن نے کہا ہے کہ جون میں کوئٹہ میں بلدیاتی …

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 خضدار میں ضمنی انتخاب کے مجوزہ شیڈول سے آگاہ کرتے ہوئے اس پر صوبائی حکومت سے رائے مانگ لی ہےجبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا گیا ہے کہ خضدار میں ضمنی انتخاب کا انعقاد امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے فی الحال ممکن نہیں۔کمیشن نے کہا ہے کہ جون میں کوئٹہ میں بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا اجراء کیاجاسکتا ہے۔بدھ کو کمیشن کی ترجمان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن ،چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان،سیکرٹری الیکشن کمیشن ودیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔الیکشن کمیشن کو بتایا گیاکہ حلقہ این اے 256 خضدار کی نشست سردار اختر مینگل کے استعفیٰ سے خالی ہوئی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے 13فروری 2026 کو شیڈول جاری کیا۔ضمنی الیکشن کی پولنگ سے پہلے حکومت بلوچستان کی درخواست پر امن وعامہ کی خراب صورتحا ل کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے 27مارچ 2026کو ضمنی انتخاب کا شیڈول معطل کر دیا تھا۔ اب الیکشن کمیشن حلقہ میں ضمنی انتخابات کروانے کیلئے تیار ہے۔کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان کو کہا کہ حلقہ این اے 256خضدار میں امن وامان کی موجودہ صورتحال سے متعلق بریف کریں تاکہ الیکشن کمیشن حلقہ میں انتخاب کا عمل مکمل کرسکے۔چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان نے آگاہ کیا کہ حلقہ میں دہشت گردوں کی موجودگی ، قبائلی اختلافات،الیکشن کے انعقاد کیلئے دوسرے اضلاع سے پولیس ودیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیز کی نقل وحمل درکار ہے۔

مزید یہ کہ حلقہ پہاڑی ٹریل پر مشتمل ہے۔ حلقہ میں امن وعامہ کی صورت حال درست نہیں،مذکورہ بالا حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حلقہ میں ضمنی انتخابات کا انعقاد فی الحال ممکن نہیں ہے اورنہ ہی انتخابی عملہ اور ووٹرز کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جا سکتی ہے ۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین وقانون کے تحت حلقہ این اے 256خضدار میں ضمنی انتخاب کرانےکا پابند ہے۔ الیکشن کمیشن بریفنگ کی روشنی میں خضدار کے ضمنی انتخابات کے لئے مناسب فیصلہ کرے گا۔کوئٹہ لوکل گورنمنٹ الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا گیا کہ کوئٹہ میں مقامی حکومت کی میعاد 27جنوری 2019کو ختم ہوگئی تھی۔الیکشن کمیشن نے 2دفعہ حلقہ بندی کی اور 3دفعہ الیکشن پروگرام جاری کیا لیکن کوئٹہ میں انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکا۔اب الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں حلقہ بندی کا عمل مکمل کرلیا ہے ۔الیکشن کمیشن کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے بھی تیار ہے اور کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جون 2026کے دوسرے ہفتہ میں جاری کیا جاسکتا ہے۔ مزید الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219 (3)اور بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ (2)16کے تحت کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے صوبائی حکومت سے مشاورت ضروری ہے اور آج یہ مشاورت کی جارہی ہے۔چیف سیکرٹری نے کوئٹہ میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کی مشاورت کے حوالے سے بتایا کہ اس معاملہ کو صوبائی کابینہ کی آئندہ اجلاس میں ایجنڈے پر رکھا گیاہے تاکہ کوئٹہ میں امن وعامہ کے حالات اور دیگر امور کو سامنے رکھتے ہوئے مذکورہ بالا انتخابات کے انعقاد سے متعلق مناسب فیصلہ کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت جاری کی کہ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219 (3)اور بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ (2)16کے تحت آج جو مشاورت کی گئی ہے اور الیکشن کمیشن کی طرف سے جو ڈرافٹ الیکشن شیڈول مہیا کیا گیا ہے اس پر صوبائی حکومت اپنے موقف سے الیکشن کمیشن کو جلد آگاہ کرے تاکہ آئین وقانون کے مطابق کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جاسکے۔