منگ / سدھنوتی۔ 27 مئی (اے پی پی):چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ نےعدالت سول جج/ تحصیل فوجداری منگ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سینئر جسٹس سردار لیاقت حسین اور جسٹس ریٹائرڈ سردار عبد الحمید خان،وزیر بہبود آبادی سردار محمد حسین ایڈووکیٹ ، ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان، مولانا سعید یوسف خان ، سردار الطاف حسین خان،سابق ممبر اسمبلی محترمہ سحرش قمر
کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریجن سردار ظہیر احمد ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سدھنوتی سردار ارباب اعظم ، ڈپٹی کمشنر سدھنوتی سید ممتاز کاظمی ،محترمہ خولہ خان، سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کے صدر سردار شاہزیب شبیر، جوڈیشل آفیسران، آزاد جموں و کشمیر بار کونسل کے ممبران ، سدھنوتی ، راولاکوٹ، باغ بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت وکلاء اور عوام علاقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔
افتتاح کے بعد تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت جسٹس ریٹائرڈ سردار عبد الحمید خان نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس صداقت حسین راجہ نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے لیے ادارے اور عدالتیں قائم کی جاتی ہیں تاکہ سستا اور فوری انصاف یقینی بنایا جا سکے۔ ہم نے نیک نیتی سے کام کیا اور انصاف کی جلد فراہمی کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ ہم سب کو آخرت میں اپنے اعمال کا جواب دینا ہے۔ میرے ساتھ ججز اور لوئر جوڈیشری نے بھی ایمانداری سے کام کیا۔