چیف جسٹس آف پاکستان اور عدالت عظمی ٰکے ججز کا سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر عبداللطیف آفریدی کے قتل پر گہرے افسوس کا اظہار

چیف جسٹس آف پاکستان اور عدالت عظمی ٰکے ججز کا سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر عبداللطیف آفریدی کے قتل پر گہرے افسوس کا اظہار

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال اور عدالت عظمی ٰکے ججز نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر عبداللطیف آفریدی کے قتل پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پاکستان (ایس سی بی اے پی) کے زیر اہتمام بدھ 25 جنوری 2023ء کو سینئر وکیل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر عبداللطیف آفریدی کے قتل پر تعزیتی ریفرنس سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔

سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے اس گھناؤنے جرم کو انتہائی تشویشناک اور بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ بار اور بنچ عدالتی نظام کے اہم ستون ہیں۔

انہوں نے مرحوم صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی اعلی درجہ کی پیشہ وارانہ خدمات کو سراہا اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد شاہد زبیری نے عبداللطیف آفریدی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تعزیتی ریفرنس منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کرنے پر معزز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کا شکریہ ادا کیا۔

تعزیتی ریفرنس میں خیبر پختونخوا بار کونسل، پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے علاوہ مرحوم عبداللطیف آفریدی کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔