اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):چیف کمشنر، ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) اسلام آباد عائشہ فاروق نے اپنی ٹیم کے ارکان کے ساتھ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور ٹیکس سے متعلق اہم مسائل، سہولت کاری کے اقدامات اور ٹیکس حکام اور سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے تاجر برادری کے …
چیف کمشنر آر ٹی او عائشہ فاروق کا آئی سی سی آئی کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):چیف کمشنر، ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) اسلام آباد عائشہ فاروق نے اپنی ٹیم کے ارکان کے ساتھ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اور ٹیکس سے متعلق اہم مسائل، سہولت کاری کے اقدامات اور ٹیکس حکام اور سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے تاجر برادری کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کا انعقاد کیا۔منگل کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیشن سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ فاروق نے تاجر برادری کو پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس حکام اور کاروباری برادری کے درمیان باہمی تعاون کی کوششیں پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا دفتر ٹیکس دہندگان کو درپیش حقیقی مسائل کے حل کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی او ، اسلام آباد صنعت سے متعلق مخصوص چیلنجوں میں شرکت کے لئے سیکٹر وار میٹنگز بلائے گا۔چیف کمشنر نے ایف بی آر کی جانب سے ڈیجیٹل تبدیلی بارے تفصیل سے آگاہ کیا اور کہا کہ پی او ایس ایک لازمی فیچر ہے جو ریٹرن فائل کرنے کے لئے خودکار سہولت کو یقینی بنائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویلیوایشن ٹیبل کو حتمی شکل دینے کے لئے کاروباری برادری کو آن بورڈ لیا جائے گا اور جہاں تک اے ٹی ایل میں غیر رہائشیوں کی شمولیت کا تعلق ہے اس عمل کو تیز تر کیا جائے گا۔
چیف کمشنر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ان کے تعمیری اقدامات کو سراہا اور ٹیکس کی سہولت اور کاروبار میں آسانی کو بہتر بنانے کے لئے کئی اہم تجاویز پر روشنی ڈالی۔انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو نان ریذیڈنٹ سرٹیفکیٹ کے اجراء، رقم کی واپسی کا دعویٰ کرنے یا اے ٹی ایل سٹیٹس حاصل کرنے کے لئے ریٹرن فائل کرنے کے لئے درپیش مسائل کو اٹھایا اور سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، یونائیٹڈ کنگڈم ،امریکہ اور بڑے ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں میں ان لینڈ ریونیو سروس (IRS) اتاشی کی تعیناتی کی تجویز پیش کی۔ چیمبر نے کمشنر (اپیل) کے دفتر کو بحال کرنے کی بھی پرزور سفارش کی۔
آئی سی سی آئی نے اس بات پر زور دیا کہ اس دفتر کو بحال کرنے سے اپیل کے حل کے لئے ایک موثر، شفاف اور قابل رسائی طریقہ کار کو یقینی بنایا جائے گا، اس طرح ٹیکس کے نظام پر اعتماد کو تقویت ملے گی۔آئی سی سی آئی نے تجویز پیش کی کہ ایڈیشنل کمشنر (ہیڈ کوارٹر)، آر ٹی او اسلام آباد کو باضابطہ طور پر کاروباری برادری کی شکایات کے ازالے کے لئے فوکل آفس کے طور پر نامزد کیا جائے۔
اس اقدام سے رابطہ کاری کو بہتر بنانے اور ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔انٹرایکٹو بحث کے دوران، چھوٹے تاجروں نے پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) سسٹمز کے انضمام کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور حکام پر زور دیا کہ وہ سختی سے عملدرآمد کی بجائے آہستہ آہستہ آگے بڑھیں۔ انہوں نے عملی اور مالی رکاوٹوں کو اجاگر کیا اور ایک مرحلہ وار، مشاورتی نقطہ نظر پر زور دیا۔صدر آئی سی سی آئی نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس اصلاحات اور نفاذ کے اقدامات کاروبار دوست، مشاورتی اور زمینی حقائق کے مطابق ہونے چاہئیں۔
چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ شیخ طارق صادق نے ملک کے بہترین مفاد میں کاروبار دوست اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر عرفان چوہدری نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلسل مشاورت ٹیکس کی سہولت میں بہتری، تعمیل میں اضافہ اور کاروباری برادری اور ٹیکس حکام کے درمیان مضبوط شراکت داری کا باعث بنے گی۔
چیف کمشنر کی ٹیم میں ماریہ شریف کمشنر، رابعہ یاسر درانی کمشنر، عظمیٰ منیر کمشنر، عبدالرزاق کمشنر، نوید خان ترین کمشنر، ایم شکیل انور ایڈیشنل کمشنر (HQ) اور حاتف ایوب، اسسٹنٹ کمشنر شامل تھے۔اس موقع پر سابق صدور محمد اعجاز عباسی، باصر داؤد، ایگزیکٹو ممبران عمران منہاس، روحیل انور بٹ، وسیم چوہدری، ذوالقرنین عباسی، ملک عبدالعزیز، عبدالرحمٰن صدیقی، اسحاق سیال، عامر رحیم قریشی، ملک محسن خالد، فاطمہ عظیم، شمائلہ صدیقی، مارکیٹس کے نمائندے بشمول اجمل بلوچ، یوسف راجپوت اور دیگر موجود تھے۔








