چیلسی کی مسلسل پانچویں شکست، ہیڈ کوچ لیام روزینیئر کا ٹیم کی کارکردگی پر شدید غم و غصے کا اظہار

چیلسی فٹ بال کلب کے ہیڈ کوچ لیام روزینیئر نے برائٹن اینڈ ہوو البیون کے خلاف میچ میں اپنی ٹیم کی کارکردگی کو ناقابلِ دفاع اور ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کھلاڑیوں کے رویے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

لندن۔22اپریل (اے پی پی):چیلسی فٹ بال کلب کے ہیڈ کوچ لیام روزینیئر نے برائٹن اینڈ ہوو البیون کے خلاف میچ میں اپنی ٹیم کی کارکردگی کو ناقابلِ دفاع اور ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کھلاڑیوں کے رویے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق برائٹن اینڈ ہوو البیون کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے اس میچ میں چیلسی کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے دوران تماشائیوں نے پہلی بار کوچ لیام روزینیئراور ٹیم کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ میچ کے 40 منٹ تک چیلسی کی ٹیم گول کرنے کی ایک بھی سنجیدہ کوشش نہ کر سکی اور دفاعی لحاظ سے بھی انتہائی کمزور دکھائی دی

۔ یہ چیلسی کی مسلسل پانچویں شکست ہے جس میں وہ کوئی ایک گول بھی سکور نہ کر سکی ، جو کہ 1912کے بعد ان کا بدترین ریکارڈ ہے۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ لیام روزینیئر نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے کھلاڑیوں کا دفاع کرتے رہے ہیں لیکن آج کی کارکردگی کا دفاع کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ آئینے میں اپنا عکس دیکھیں اور اپنی ذمہ داری کا احساس کریں۔ چیلسی کے شریک مالک بہداد اقبالی اور کلب کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں ہونے والی اس شکست نے ہیڈ کوچ کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگا دئیے ہیں۔

اب اتوار کو لیڈز کے خلاف ہونے والا ایف اے کپ کا سیمی فائنل چیلسی کے لیے اپنا سیزن اور ساکھ بچانے کا آخری موقع ہو سکتا ہے، کیونکہ لیگ میں ان کی پوزیشن اب کافی غیر مستحکم ہو چکی ہے۔اب ٹیم کے پاس سیزن بچانے کا آخری موقع اتوار کو ویمبلے سٹیڈیم،لندن میں ایف اے کپ کے سیمی فائنل میں لیڈز یونائیٹڈ کے خلاف میچ کی صورت میں موجود ہے، جہاں کوچ، کھلاڑیوں اور مداحوں کے درمیان ہم آہنگی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔