قومی احتساب بیورو (نیب)نےواضح انتباہ کیاہے کہ چیمبرز آف کامرس اپنے ممبران ڈیلرز کو غیر قانونی ہاؤسنگ منصوبوں کی مارکیٹنگ سے باز رہنے کی ہدایت کریں،غیر قانونی منصوبوں کی پروموشن عوام سے فراڈ کے مترادف ہے، ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ہوگی۔
چیمبرز آف کامرس ممبران ڈیلرز کو غیر قانونی ہاؤسنگ منصوبوں کی مارکیٹنگ سے باز رہنے کی ہدایت کریں، نیب کا انتباہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب)نےواضح انتباہ کیاہے کہ چیمبرز آف کامرس اپنے ممبران ڈیلرز کو غیر قانونی ہاؤسنگ منصوبوں کی مارکیٹنگ سے باز رہنے کی ہدایت کریں،غیر قانونی منصوبوں کی پروموشن عوام سے فراڈ کے مترادف ہے، ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ہوگی۔ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) اسلام آباد/راولپنڈی نے اسلام آباد اور راولپنڈی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو باضابطہ مراسلہ جاری کیا ہے کہ وہ اپنے ممبران پراپرٹی ڈیلرز اور مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ کمپنیوں کو تنبیہ جاری کریں جو غیر قانونی اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تشہیر اور خرید و فروخت میں ملوث ہیں۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے واضح کیا ہے کہ قانونی اور ضابطہ جاتی تقاضے مکمل کئے بغیر کسی بھی ہاؤسنگ منصوبے کی تشہیر اور خرید و فروخت نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ اس سے عوام کو گمراہ کر کے سرمایہ کاری پر آمادہ کرنا فراڈ کے زمرے میں آ تا ہے۔
نیب نے متعلقہ چیمبرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ممبران کو اس ضمن میں آگاہ کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی کاروباری ادارہ یا مارکیٹنگ کمپنی ایسے منصوبوں کی تشہیر یا پروموشن میں شامل نہ ہو جن کے پاس مکمل قانونی منظوری اور ریگولیٹری کلیئرنس موجود نہ ہو۔مزید برآں ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب اسلام آباد/راولپنڈی نے اس امر کا بھی عندیہ دیا ہے کہ ایسے عناصر اور مارکیٹنگ نیٹ ورکس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے جو غیر قانونی اور غیر منظور شدہ کاروباری سرگرمیوں کی تشہیر میں ملوث ہیں۔
نیب حکام کے مطابق اس حوالے سے مسلسل نگرانی، شواہد کا جائزہ اور متعلقہ سرگرمیوں کی چھان بین جاری ہے اور کسی بھی قسم کی شمولیت یا معاونت کی صورت میں اب متعلقہ قوانین کے تحت پراپرٹی ڈیلرز اور مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ کمپنیوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ ہاؤسنگ سیکٹر میں شفافیت کو یقینی بنایاجا سکے۔








