اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے راولپنڈی میں جاری ہیں۔ چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024 میں کل (ہفتہ کو) ایک دن آرام کے بعد 15 دسمبر کو مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گا ۔ پہلا میچ اے بی ایل سٹالینز اور سٹی پینتھرز جبکہ دوسرا میچ نورپور لائنز اور یو ایم ٹی مارخورز کے درمیان کھیلا جائے گا ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )کے زیر اہتمام چیمپئنز ٹی 20 کپ کے دلچسپ مقابلے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہیں ۔ میگا ایونٹ کا گیارہواں میچ 15 دسمبر کو اے بی ایل سٹالینز اور سٹی پینتھرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا ، سٹالینز کی ٹیم محمد حارث اور سٹی پینتھرز کی ٹیم مایہ ناز آل رائونڈر شاداب خان کی قیادت میں میدان میں اترے گی ۔
اے بی ایل سٹالینز کی ٹیم تین میچز میں سے اپنے پہلے دونوں میچ جیت چکی ہے جبکہ اس کو ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سٹی پینتھرز کی ٹیم کھیلے گئے تین میں سے ایک میچ جیت سکی ہے۔ اسی روز دوسرا میچ نورپور لائنز اور یو ایم ٹی مارخورز کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ نورپور لائنز کو مایہ ناز بلے باز امام الحق لیڈ کر رہے ہیں ۔ نورپور لائنز نے اب تک چار میچ کھیل کر دو میں کامیابی حاصل کی جبکہ دو میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
یو ایم ٹی مارخورز کو افتخار احمد لیڈ کر رہے ہیں۔ یو ایم ٹی مارخورز کی ٹیم تاحال ناقابل شکست ہے ، اس نے تین میچ کھیل کر تینوں میں کامیابی حاصل کی ہے ۔