وفاقی وزیر برائے قومی صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کاروں کے تعاون سے پاکستان کے شعبہ صحت میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں، حکومت نے سرمایہ کاروں کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنا دیا ہے
چینی سرمایہ کاروں کے تعاون سے پاکستان کے شعبہ صحت میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں، مصطفیٰ کمال

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کاروں کے تعاون سے پاکستان کے شعبہ صحت میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں، حکومت نے سرمایہ کاروں کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پاکستان چین فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ کیئر بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے چینی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں موجود وسیع سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان میں طبی آلات (میڈیکل ڈیوائسز) کی مقامی سطح پر تیاری کا عمل تیزی سے فروغ پا رہا ہے، جس سے نہ صرف درآمدی انحصار میں کمی آئے گی بلکہ برآمدات اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے کاروبار کی رجسٹریشن، لائسنسنگ اور دیگر حکومتی امور کو آسان بنایا گیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو کاروبار کے آغاز اور توسیع میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وفاقی وزیر صحت نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک سازگار اور پرکشش ماحول فراہم کر رہا ہے، جہاں حکومتی تعاون، معاشی اصلاحات اور دوطرفہ شراکت داری کے ذریعے سرمایہ کاروں کے لیے روشن امکانات موجود ہیں۔








